لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی سپاف ضلع لاڑکانہ کے صدر عبدالرحمان موریو کی جانب سے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے نومنتخب صوبائی صدر منصور احمد شاہانی، جنرل سیکریٹری لالا مراد خان اور انفارمیشن سیکریٹری شہریار بھگت کی لاڑکانہ آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے قافلے کی صورت میں گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ کر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہداء کے مزارات پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ملک و قوم کی خوشحالی، سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے نومنتخب صوبائی صدر منصور احمد شاہانی نے کہا کہ پارٹی قیادت کی جانب سے نئی ذمہ داری سونپے جانے کے بعد آج شہیدوں کی سرزمین پر حاضری دے کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت، کارکنوں اور جیالوں کو یقین دلایا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ نئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے پارٹی منشور کے مطابق عوام کی خدمت کریں گے اور نوجوانوں کو پارٹی کے پلیٹ فارم پر منظم کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر سپاف ضلع لاڑکانہ کے صدر عبدالرحمان موریو سمیت پارٹی کے دیگر رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔


