لاڑکانہ: لاڑکانہ پولیس نے پنجاب میں کارروائی کرتے ہوئے اغواء کی گئی دو لڑکیوں میں سے ایک لڑکی انجم جتوئی کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے،
دڑی تھانے کی پولیس نے پنجاب کے شہر مظفرگڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے مراد واہن سے اغواء ہونے والی 18 سالہ انجم جتوئی کو بازیاب کرکے ملزم سرفراز کو گرفتار کرلیا.

پولیس کے مطابق 11 اکتوبر کو مراد واہن سے انجم جتوئی اور اقصیٰ جتوئی اغواء ہوئی تھیں جس کا مقدمہ ان کے بھائی گل محمد جتوئی کی مدعیت میں جرم نمبر 126/2026 دفعہ 365 بی کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا،
بازیاب لڑکی کو کنزیومر کورٹ سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں بیان کے بعد عدالت کے حکم پر لڑکی کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا جبکہ دوسری لڑکی اقصیٰ جتوئی کی بازیابی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


