پشاور :خیبر پختونخوا میں سیاسی ڈیڈ لاک، صوبائی حکومت کے خاتمے اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والے بحران میں ایک انتہائی اہم اور غیر معمولی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کے وفاق سے رابطے بحال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وفاقی حکومت کے ساتھ منقطع شدہ رابطے دوبارہ بحال ہوئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد دونوں اطراف سے تمام رابطے مکمل طور پر منقطع ہو گئے تھے، تاہم اب پی ٹی آئی کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کی ہدایت اور فیصلے پر سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر وفاق کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ بحال کرلیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ 20 اکتوبر کو منعقد ہونے والے خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اہم اجلاس میں علی امین گنڈاپور کو وفاق سے باضابطہ مذاکرات اور رابطوں کا مکمل مینڈیٹ تفویض کیا گیا تھا۔
خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کی اکثریت سیاسی کشیدگی کو ختم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کے حق میں ہے، جس کے بعد گورنر راج سے قبل وفاق کی مذاکراتی ٹیم میں شامل 2 اہم وفاقی وزراءسے ابتدائی بات چیت کی گئی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق سے ان بحال شدہ رابطوں کا بنیادی اور اولین مقصد صوبائی حکومت کی بحالی کے راستے تلاش کرنا اور صوبائی کشیدگی کے دوران گرفتار ہونے والے پارٹی کارکنان کی فوری رہائی کو یقینی بنانا ہے۔
ان دو اہم ترجیحات پر بات چیت کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور اب تحریک انصاف کو وفاقی حکومت کی جانب سے رسمی ردِعمل اور آئندہ کے اقدام کا انتظار ہے۔




