وفاقی وزارت صحت سے کے پی و گلگت سیلاب متاثرین کیلئے ادویات، ویکسین و ضروری سامان روانہ

شیئر کریں

وفاقی وزیر صحت کی سیلاب متاثرین کے لیے فوری طبی سہولیات کی ہدایت، طبی امداد روانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں فوری طور پر طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے وزارت صحت کے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت
دی کہ متاثرین کو ادویات، ویکسین اور دیگر ضروری طبی امداد کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیر صحت نے مزید کہا کہ وزارت صحت نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر مربوط کوآرڈینیشن کے ذریعے امدادی کاموں کو تیز کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اس کٹھن وقت میں شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وفاقی وزارت صحت نے سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ادویات، ویکسین اور دیگر ضروری سامان کی پہلی کھیپ متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دی ہے۔ وزیر صحت مصطفی کمال کے مطابق بھیجی گئی اشیاء میں ڈھائی لاکھ یونٹس پنٹاویلنٹ ویکسین، ڈیڑھ لاکھ یونٹس خسرہ و روبیلا ویکسین، دو لاکھ اکانوے ہزار پانچ سو سرنجز اور تین ہزار سیفٹی باکسز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تیس ہزار ملیریا ٹیسٹنگ کٹس، ساٹھ ہزار پرائمیکوئن گولیاں اور دس ہزار مچھر دانیاں بھی متاثرین تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ وزارت صحت صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور تمام ادارے اس ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مشکل وقت میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے