ریاض:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے اپنے چار روزہ اہم دورے کے آغاز پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کیا۔ امریکی صدر گھڑ سواروں کےحصارمیں سعودی شاہی محل پہنچے۔ شاہی محل آمد پر امریکی صدر اور وفد کو سعودی عرب کا روایتی قہوہ پیش کیاگیا۔ امریکی صدرکا سعودی عرب کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ ان کی محمد بن سلمان سے بند کمرہ ملاقات بھی ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ یہ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد پہلا بڑا بین الاقوامی دورہ ہے۔ وہ اس دورے میں قطر اور متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب صدر ٹرمپ کو بعض سیکیورٹی خدشات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر قطر کی جانب سے تحفے میں دیے جانے والے پرتعیش طیارے کے معاملے پر، جس کے بارے میں امریکی دفاعی ماہرین اور خفیہ ادارے سوالات اٹھا چکے ہیں۔ یہ دورہ نہ صرف جغرافیائی سیاست میں تبدیلی لا سکتا ہے بلکہ امریکا اور خلیجی ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بھی نئی سمت دے سکتا ہے۔ امریکی صدر کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ دورے کے دوران امریکی سعودی تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے حوالے سے بھی دونوں رہنما گفتگو کریں گے۔ مسئلہ فلسطین کے حل اور عوام کی سلامتی کے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
امریکی صدرٹرمپ کا دورہ مشرق وسطیٰ،سعودی عرب پہنچ گئے




