لاہور: ماضی کے عوامی اداکار علاؤالدین کو دنیا سے رخصت ہوئے بیالیس برس بیت گئے۔ انہوں نے تقسیم ہند سے پہلے بھارتی فلموں میں بھی اپنا لوہا منوایا۔ وہ 10 دسمبر 1920 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ اپنی فنی زندگی کا آغاز ممبئی سے کیا۔ وہاں سنجوگ، نمستے، لیلیٰ مجنوں اور میلہ میں کام کیا۔ قیام پاکستان کے بعد پاکستان آگئے۔ انکی پہلی فلم پھیرے تھی۔ اس کے بعد شہری بابو، محبوبہ، محل، انوکھی، وعدہ، انتقام، پاٹے خان، پینگاں، مرزا صاحباں، حمیدہ، آدمی، مجرم اور متعدد دوسری فلموں میں کام کیا۔ فلم کرتار سنگھ کے ٹائٹل رول میں تو انہوں نے اداکاری کی انتہا کو چھولیا۔ اس کے بعد مہتاب اور بدنام میں ادا کئے ہوئے کرداران کی پہچان بنے۔ علاؤالدین نے مجموعی طور پر 319 فلموں میں کام کیا جن میں سے 194 فلمیں اردو میں اور 125 فلمیں پنجابی میں بنائی گئی تھیں۔ علاؤالدین نے مجموعی طور پر آٹھ مرتبہ نگار ایوارڈ حاصل کیا۔ انہیں ”پاکستان کا عوامی اداکار“ کہا جاتا تھا۔ علاؤالدین نے 13 مئی 1983 کو لاہور میں وفات پائی۔ گلبرگ کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔
علاؤالدین کو ہم سے بچھڑے42 برس بیت گئے




