لاڑکانہ: لاڑکانہ میں فنکشنل لیگ کے رہنما اور سابق ایم پی اے معظم علی عباسی کی میزبانی میں 9 مئی کو “معرکۂ حق” کی خوشی میں پام لیک ولاز ہاؤسنگ سوسائٹی میں تقریب اور میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا،
جس میں خصوصی مہمان فنکشنل لیگ رہنما سید محمد راشد شاہ راشدی، جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صفدر علی عباسی، معظم علی عباسی، بیرسٹر کاظم علی عباسی، میر مظفر بروہی، محمد علی ہکڑو، رافع علی عباسی، نور احمد جتوئی، عامر بھٹو، پروگرام آرگنائزر عابد عباسی، میر بہادر خان مگسی، عبدالرزاق مگسی، سینئر صحافی راجا خان گاڑھی، رجب خان جاگیرانی سمیت دیگر رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جبکہ ملک کے نامور فنکاروں صنم ماروی، حمیرا چنا، مزاحیہ فنکار اصغر کھوسو، علی گل ملاح اور لوک فنکار ساجد و واحد بخش نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے خوب داد وصول کی۔
شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور “معرکۂ حق” کے جذبے کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر معظم علی عباسی، ڈاکٹر صفدر علی عباسی، کاظم علی عباسی، رافع علی عباسی اور علی خان عباسی نے آئے ہوئے مہمانوں اور لاڑکانہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی 2025ء کو حق و باطل کے درمیان ہونے والی جنگ میں پاکستان کی کامیابی کا تمام تر کریڈٹ پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کو جاتا ہے، جنہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ظلم کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہا ہے اور پاکستان بنانے والوں نے انصاف، سچائی اور معرکۂ حق کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

رپورٹ: نادر مائری


