لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے سہیل انور سیال، سندھ حکومت کے ترجمان بلند خان جونیجو اور دیگر رہنماؤں نے لاڑکانہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری اور ایم پی اے فریال تالپور کی ہدایات پر سندھ بھر میں “معرکۂ حق” کے حوالے سے تقریبات منعقد کی گئیں،
جبکہ لاڑکانہ میں بھی ریلی اور میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں شہریوں نے اہل خانہ سمیت بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر سہیل انور سیال نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے شروع سے مؤقف اختیار کیا کہ جس جماعت کو اکثریت حاصل ہو اسے حکومت ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے بعد بلاول بھٹو زرداری کو وزارتِ خارجہ کی پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے وزارت قبول کرنے کے بجائے دنیا بھر کے دورے کیے اور پاکستان کا مؤقف اجاگر کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ووٹ کی طاقت سے وزیر اعظم بنائے گی اور ان کی قیادت میں ملک مزید ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور پارٹی حکومت کے اچھے اقدامات کی حمایت جبکہ غلط پالیسیوں پر تنقید جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا ہے، ملک دہشت گردی اور سرحدی خطرات سے نبرد آزما ہے جبکہ گزشتہ برس بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کی گئی، اسی طرح معاشی میدان میں بھی کامیابی حاصل کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی ذاتیات کی سیاست نہیں کی، سیاسی جماعتوں کو پالیسیوں پر تنقید کرنی چاہیے نہ کہ شخصیات پر۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اور جی ڈی اے کے بعض رہنما حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے متضاد بیانات دے رہے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی صرف ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی عوامی مینڈیٹ سے فیصلہ ہوگا۔ سہیل انور سیال نے کہا کہ 2008 کے بعد سندھ کو قدرتی آفات، بارشوں اور سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا جس سے صوبے کا انفراسٹرکچر شدید متاثر ہوا، ایسے حالات میں بلاول بھٹو زرداری بیرونی دنیا سے 21 لاکھ گھروں کے منصوبے کی منظوری لے کر آئے، جو ایک بڑا فلاحی منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی منتخب نمائندہ پارٹی نہیں چھوڑ رہا اور سندھ کے ساتھ کسی بھی زیادتی پر پارٹی بھرپور احتجاج کرے گی۔ موٹروے منصوبے سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت کا منصوبہ ہے اور اس حوالے سے متعلقہ وفاقی وزیر جواب دیں کہ گھوٹکی کے بعد موٹروے کی تعمیر کیوں رکی ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امیر بخش بھٹو کی پارٹی قیادت سے دو سے تین ملاقاتیں ہوئیں جن میں ملکی اور عالمی صورتحال پر گفتگو ہوئی، مقامی سیاست زیر بحث نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کہیں پارٹی کی ضرورت پڑی تو بلاول بھٹو زرداری ضرور جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری ہیں اور قوم کو دعا کرنی چاہیے کیونکہ جنگوں کے اثرات پورے خطے پر پڑتے ہیں۔اس موقع پر سندھ حکومت کے ترجمان بلند خان جونیجو نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی کامیابی اور قومی اتحاد کا دن ہے، پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر دنیا بھر میں ملک کا وقار بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بات کی اور سندھ کے عوام نے پارٹی کو مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین صرف کرپشن کے الزامات دہراتے ہیں جبکہ احتساب کے تمام ادارے موجود ہیں اور پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ احتساب کا سامنا کرتی رہی ہے۔ پیپلز پارٹی لاڑکانہ ڈویژن کے جنرل سیکریٹری عبدالفتاح بھٹو اور ضلعی جنرل سیکریٹری اعجاز احمد لغاری نے کہا کہ 9 مئی کو لاڑکانہ کے عوام نے پاکستان کی کامیابی کا دن بھرپور جوش و جذبے سے منایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف کامیابی نے قوم کے حوصلے بلند کیے جبکہ پاک فوج نے دشمن کے حملوں کا مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی قیادت میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا جس سے ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے.

رپورٹ نادر مائری


