مٹھی: محکمۂ تعلیم تھرپارکر کی جانب سے “معرکۂ حق” اور “آپریشن بنیانِ مرصوص” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر محافظینِ وطن کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے گورنمنٹ ہائی اسکول مٹھی سے کشمیر چوک تک ایک پُروقار ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں محکمۂ تعلیم کے اعلیٰ افسران، اساتذہ، طلبہ اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج پائندہ باد”، “معرکۂ حق زندہ باد” اور “جیت کا نشان، معرکۂ حق” کے فلک شگاف نعرے لگا کر افواجِ پاکستان سے اپنی والہانہ محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری تھرپارکر نصر اللہ ساہڑ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری تھرپارکر ارجن لال سوٹہڑ، غلام محمد محمدانی، ہدایت اللہ بچانی، عطا الرحمان بجیر تعلقہ ایجوکیشن آفیسر پرائمری, جیتیش راٹھی جنرل سیکرٹری گسٹا تھرپارکر، ہوتچند لکھانی، محمد صدیق دل تعلقہ ایجوکیشن آفیسر تھرپارکر ، بھیشم کوٹھاری اور دیگر مقررین نے کہا کہ “معرکۂ حق” 10 مئی کے شہداء کی عظیم قربانیوں اور افواجِ پاکستان سے قوم کی محبت کا عملی ثبوت ہے۔
مقررین نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے “آپریشن بنیانِ مرصوص” کا آغاز کیا اور دشمن کو مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر کسی دشمن نے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو قوم اور افواجِ پاکستان متحد ہو کر اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

رپورٹ: نند لال لوہانہ


