مقامی صرافہ مارکیٹ میں آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 14،800 روپے کا زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد سونا مقامی سطح پر تاریخ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے یعنی بدھ کے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مزید مہنگا ہو گیا، جس کے بعد سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز ملک میں 24 قیراط کے حامل ایک تولہ سونا 14،800 روپے مہنگا ہوا ہے، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 5 لاکھ 29 ہزار 162 روپے ہو گئی ہے، یہ اضافہ ایک ہی دن میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جس سے عام صارفین کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 12,689 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 53 ہزار 671 روپے ہو گئی ہے، سونے کے نرخوں میں اس مسلسل اضافے نے شادیوں کے موسم میں زیورات کی خریداری کرنے والی خواتین اور خاندانوں کی پریشانی میں اضافہ کردیا ہے جبکہ مارکیٹ کے کئی دکانداروں کا کہنا ہے کہ گاہکوں کی آمد پہلے ہی کم تھی اور
اب نئی قیمتیں صورتحال کو مزید متاثر کریں گی۔
دوسری جانب بین اقوامی مارکیٹ سونے کی قیمت 148 ڈالر سے برھ کر 5,064 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں گزشتہ دو روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 38 ہزار 800 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت دو روز کے دوران 388 ڈالر بڑھ گئی ہے۔
پاکستان میں چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد چاندی کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، فی تولہ چاندی کی قیمت 109 روپے کے اضافے کے بعد 9 ہزار 255 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 93 روپے بڑھ کر 7 ہزار 655 روپے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ کاروبار روز ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 13,700 روپے کا بڑا اضافہ ہوا تھا جبکہ عالمی منڈی میں سونا فی اونس 137 ڈالر مہنگا ہوا تھا۔




