جب مجھےگرفتارکیا گیا تو عرفان صدیقی میرے بچوں کیلئے ناشتہ اور کھانا لیکر آتے تھے، سینیٹر فلک ناز
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیٹر فلک ناز چترالی کا کہنا ہے کہ اپنے والد کے انتقال کے بعد سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال سے صدمہ پہنچا۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی سینیٹر فلک ناز چترالی نے مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جب مجھے گرفتار کیا گیا تھا تو میرے شفیق بھائی، میرے دوست اور کولیگ عرفان صدیقی صاحب نے سب سے پہلے میرے بچوں کے ساتھ رابطہ کیا تھا۔
فلک ناز چترالی کا کہنا تھا کہ وہ جب تک جیل میں تھیں، عرفان صدیقی خود میرے بچوں کے لیے ناشتہ اور کھانا لے کر آتے تھے اور بچوں کو تسلی دیتے تھے کہ اگر آپ کی ماں جیل میں ہیں تو میں آپ کا انکل ہوں، ادھر موجود ہوں، آپ کو جس چیز کی بھی ضرورت ہو آپ مجھے بتایا کریں۔
خیال رہےکہ پیر کے روز سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کرگئے تھے۔ عرفان صدیقی دو ہفتے سے علیل تھے اور اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
عرفان صدیقی سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر تھے اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔
سینیٹر عرفان صدیقی مارچ 2021 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے، وہ سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین بھی تھے۔




