وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ مکمل کرکے تہران روانہ

شیئر کریں

استنبول: وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران کے دارالحکومت تہران کے لیے روانہ ہو گئے۔ وزیر اعظم کے اس دورے کا مقصد ترکیہ کی قیادت اور عوام، بالخصوص صدر رجب طیب اِردوان کی جانب سے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرنا تھا۔ استنبول ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کو پرتپاک انداز میں رخصت کیا گیا۔ ترک وزیر دفاع یشار گیولر، استنبول کے ڈپٹی گورنر الکر حاقتان کچمز، پاکستان ترکیہ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایاترک، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور استنبول میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل نعمان اسلم سمیت حکومت ترکیہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارتکار موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کے فروغ کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے ترکیہ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دورہ مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف تہران روانہ ہو گئے، جہاں وہ ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر بھی گفتگو متوقع ہے۔ وزیراعظم کے حالیہ دورہ ترکیہ کو سفارتی حلقے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایک مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے