کراچی: صوبہ سندھ میں سرکاری اسکول کاانتظام نجی شعبے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے 750 اسکولوں کا انتظام نجی شعبے کے حوالے کرنے، کیٹی بندر کو بحری اور معاشی مرکز کے طور پر ترقی دینے، دھابیجی خصوصی معاشی زون میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی۔
سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پراجیکٹ، سندھ ارلی لرننگ انہانسمنٹ تھرو کلاس روم ٹرانسفارمیشن پروگرام اور پیپلز اسکولز اقدام کے تحت دوسرے مرحلے میں 750 اسکولوں کا انتظام نجی شعبے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔
سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پراجیکٹ کے 453 اسکول شامل ہیں جن میں 401 اضافی مالی معاونت اور 52 اصل مالی معاونت کے تحت قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سلیکٹ پروگرام کے 295 اسکول اور انگریزی ذریعۂ تعلیم کے دو پیپلز اسکول بھی اس میں شامل ہیں۔
تعلیمی انتظامی ادارے ان اسکولوں کا انتظام 10 سالہ خدماتی انتظام کے معاہدوں کے تحت سنبھالیں گے، جس سے قبل تین ماہ کی تیاری کا عرصہ ہوگا۔ نجی منتظمین اساتذہ کی تنخواہوں، غیر تدریسی عملے، انتظامی اخراجات، یونیفارمز، اسٹیشنری اور دیگر ضروری خدمات کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ ان اخراجات کی مالی معاونت حکومت فراہم کرے گی۔
نجی شعبے کے حوالے کئے جانے ولاے ان 750 اسکولوں میں مجموعی طور پر 345,940 طلبہ کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت ان میں 188,852 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔




