طالبہ کی جانب سے تقریری مقابلہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ ،
میرپور ماتھیلو: ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد نے ڈہرکی میں منعقد ہونے والے پانچویں سالانہ بین المدارس گرلز تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میرپور ماتھیلو کی طالبہ ایمان زہرا کو اپنے دفتر میں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کیتران، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید اسرار احمد شاہ، طالبہ کے والد عابد چنہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد نے کہا کہ سرکاری اسکول کی طالبہ کی جانب سے ضلعی سطح پر منعقد ہونے والے تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا قابلِ تحسین کامیابی ہے۔ اس طرح کی کامیابیاں نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں کا اعتراف ہیں بلکہ دیگر طلبہ و طالبات کے لیے بھی حوصلہ افزائی اور ترغیب کا باعث بنتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبہ ایمان زہرا کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا مقصد ان کی محنت، قابلیت اور بہترین کارکردگی کو سراہنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، تاکہ دیگر طالبات میں بھی آگے بڑھنے اور کامیابیاں حاصل کرنے کا جذبہ پیدا ہو۔
واضع رہے کہ ڈہرکی کے ٹیکنیکل کالج میں ماڑی انرجیز اور اینگرو فرٹیلائزرز کے مشترکہ تعاون سے پانچواں سالانہ بین المدارس گرلز تقریری مقابلہ منعقد کیا گیا تھا، جس میں ضلع بھر کے 25 سرکاری و نجی اسکولوں کی طالبات نے حصہ لیا۔ مقابلے میں میرپور ماتھیلو کے سرکاری اسکول کی طالبہ ایمان زہرا نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی۔


