پرائمری اساتذہ کا سروس اسٹرکچر نوٹیفکیشن فوری جاری نہ کرنے پر پ ٹ الف لاڑکانہ کا تاریخی دھرنے کا اعلان

شیئر کریں

سندھ کے پرائمری اساتذہ کے سروس اسٹرکچر کا نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے، بصورت دیگر تاریخی احتجاجی ریلی اور دھرنا دیا جائے گا: عبدالفتاح عباسی

لاڑکانہ: آل سندھ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (پ ٹ الف) ڈویژن لاڑکانہ کے صدر عبدالفتاح عباسی نے کہا ہے کہ سندھ کے پرائمری اساتذہ کے مجموعی مسائل کے حل اور سروس اسٹرکچر کے حصول کے لیے پ ٹ الف کے مرکزی صدر حاجی شفیع محمد سٹھيو کی مسلسل، طویل اور انتھک جدوجہد اور کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

سندھ میں اساتذہ کے حقوق کی جدوجہد میں حاجی شفیع محمد سٹھيو کا کردار نمایاں اور سرفہرست رہا ہے۔

کراچی پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتالیں، احتجاجی مظاہرے، پیدل طویل لانگ مارچ اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنے بھی حاجی شفیع محمد سٹھيو کی قیادت میں منعقد کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اب احتجاجی مارچ کی باتیں کرنے والے بعض عناصر کراچی پہنچنے سے پہلے ہی مختلف سمجھوتوں کی باتیں شروع کرکے ہر بار کی طرح اساتذہ برادری کو مایوسی سے دوچار کرتے ہیں، اس لیے تمام اساتذہ رہنماؤں کو ایک دوسرے کے ساتھ نیک نیتی، اخلاص اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ جدوجہد کو آگے بڑھانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل سندھ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (پ ٹ الف) ڈویژن لاڑکانہ کے پریس سیکریٹری صوفی انور علی زنگیجو جتوئی کے ماموں مظہر علی خان جتوئی کے انتقال پر تعزیت کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر پ ٹ الف ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری وحید احمد ابڑو، ضلعی آفس سیکریٹری افسر علی قریشی، تعلقہ لاڑکانہ کے صدر علی شیر جتوئی، جنرل سیکریٹری غلام اللہ سانگی، پریس سیکریٹری محمد شریف عمرانی، سٹی صدر ارباب خان بھٹو، صوفی خالد علی جتوئی، شیراز علی جتوئی اور دیگر اساتذہ رہنما بھی موجود تھے۔

عبدالفتاح عباسی نے مزید کہا کہ سندھ کے پرائمری اساتذہ کی نظریں اپنے بنیادی حق، یعنی سروس اسٹرکچر کے نوٹیفکیشن کے اجرا پر لگی ہوئی ہیں۔

حکومتِ سندھ کو چاہیے کہ وہ پرائمری اساتذہ کے سروس اسٹرکچر کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کرکے اساتذہ میں پائی جانے والی ذہنی بے چینی اور تشویش کا خاتمہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک کے دیگر تینوں صوبوں کے اساتذہ کو مراعات، سہولیات، ترقیاں اور سروس اسٹرکچر فراہم کیا جا رہا ہے تو سندھ کے پرائمری اساتذہ کو بھی دورانِ ملازمت تمام جائز مراعات، سہولیات اور سروس اسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومتِ سندھ نے اساتذہ کے اس جائز مطالبے پر فوری عمل درآمد نہ کیا تو عملی جدوجہد کے سرواں حاجی شفیع محمد سٹھيو کی قیادت میں ایک عظیم الشان اور تاریخی احتجاجی ریلی نکالنے کے بعد احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے