مٹھی: ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی ہدایات پر غذائی قلت اور ممتا پروگرام سے متعلق ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے آج کانفرنس ہال مٹھی میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر ہاشم مسعود نے کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہاشم مسعود نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں غذائی قلت کے خاتمے اور ممتا پروگرام کی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے اور ان کی سخت نگرانی یقینی بنائی جائے، تاکہ مستحق افراد جلد از جلد اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ضلعی کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ ممتا پروگرام کے تحت حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد زندگی کے ابتدائی ایک ہزار دنوں کے دوران ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانا ہے۔
بریفنگ کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہاشم مسعود نے ہدایت کی کہ پروگرام کے حوالے سے عوامی آگاہی اور رجسٹریشن کی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور مستحق خواتین کو بغیر کسی کٹوتی کے مالی امداد کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔


