ڈی آئی جی آفس لاڑکانہ میں آئی جی سندھ کی صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس

شیئر کریں

لاڑکانہ: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے لاڑکانہ کا دورہ کیا، جہاں ڈی آئی جی آفس پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

اس موقع پر آئی جی سندھ کی زیر صدارت کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس اقدامات کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی لاڑکانہ شیراز نذیر، ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب خان، ایس ایس پیز گھوٹکی، خیرپور، قمبر شہدادکوٹ، کشمور، جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ اور شکارپور سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی، جبکہ بعض افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب خان اور ڈی آئی جی لاڑکانہ شیراز نذیر نے متعلقہ اضلاع، بالخصوص کچے کے علاقوں میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کارروائیوں اور امن کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں کچے کے علاقوں میں قائم پولیس چوکیوں، پولیس کے بنیادی ڈھانچے، گاڑیوں، افرادی قوت اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پولیس کی عملی صلاحیت مزید بہتر بنانے کے لیے درکار وسائل اور ضروریات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ضلع گھوٹکی کے علاقے رونتی میں تین روزہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو امن کھیلوں کے میلے کے کامیاب اور پُرامن انعقاد پر سندھ حکومت، وفاقی سول اور حساس اداروں، ضلعی انتظامیہ، سندھ پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی گھوٹکی اور پوری پولیس ٹیم کو شاباش دی۔

انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مشترکہ حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ سندھ حکومت کے بھرپور تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اشتراک سے امن کی بحالی کے لیے نمایاں پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں امن کی بحالی ہمارے شہداء کی عظیم قربانیوں، غازیوں کی جرأت و بہادری اور پولیس جوانوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ قومی شاہراہیں اب پہلے سے زیادہ محفوظ اور پُرامن ہیں، جس کا اعتراف ملک بھر کی تاجر برادری نے بھی کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ پولیس نے کچے کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ کچے کے علاقوں میں قائم ہونے والے امن کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو بھی امن و امان کی فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئی جی سندھ نے پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے، ضروری وسائل کی فراہمی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں سمیت مثبت سماجی سرگرمیاں امن، بھائی چارے، باہمی ہم آہنگی اور صحت مند معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ دوسری جانب ڈی آئی جی آفس لاڑکانہ میں ضلع لاڑکانہ سے ریٹائر ہونے والے وارث ڈنو ماچھی تھانے کے سابق ایس ایچ او، سب انسپکٹر مشتاق احمد گوپانگ کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈی آئی جی لاڑکانہ شیراز نذیر، ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب خان سمیت لاڑکانہ اور سکھر رینج کے ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی سندھ نے ریٹائر ہونے والے پولیس افسر کو یادگاری شیلڈ، سندھ کی ثقافتی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کیے اور انہیں ریٹائرمنٹ پر مبارک باد دی۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی عزم اور خدمت کے جذبے میں اضافہ ہونا چاہیے۔ اس موقع پر ریٹائر ہونے والے پولیس افسر مشتاق احمد گوپانگ نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی لاڑکانہ، ڈی آئی جی سکھر اور دیگر پولیس افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے ملنے والی محبت، عزت اور خلوص کی یادیں ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گی۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے