کراچی : شہر قائد میں مارکیٹوں میں دستیاب 6 ادویات کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا، جعلی و غیر معیاری ادویات سٹی فارما لیبارٹریز کراچی کی تیار کردہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی مارکیٹوں میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کی فروخت کا انکشاف ہوا، جس پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈریپ نے بتایا کہ مارکیٹوں میں دستیاب 6 ادویات کے 11 بیچز جعلی یا غیر معیاری قرار دیے گئے ہیں، سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے ادویات کے 6 نمونوں کو جعلی قرار دیا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا کہ بیکٹیریل انفیکشن کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی 4 ادویات کے غیر معیاری ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ غیر معیاری سٹیرائل واٹر اور جعلی درد کش گولیوں کی فراہمی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ڈریپ نے ایکسوران 500 ملی گرام اور ایک گرام انجکشن کے 2 بیچز جبکہ ایگزٹ 500 ملی گرام اور ایک گرام انجکشن کے 6 بیچز کو جعلی قرار دیا ہے۔
اس کے علاوہ درد اور سوزش کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی بریکسن ٹیبلٹ کا بیچ نمبر ڈبلیو 68 سی بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔
ڈریپ کے مطابق جعلی بریکسن ٹیبلٹ ملٹی نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنی جی ایس کے کے نام سے تیار کی گئی ہے، جبکہ جعلی اور غیر معیاری ادویات سٹی فارما لیبارٹریز کراچی سے تیار کردہ بتائی گئی ہیں۔
الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ غیر معیاری ادویات کا معیار اور افادیت غیر واضح ہونے کے باعث ان کا استعمال صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
ڈریپ نے متعلقہ حکام کو کراچی کی مارکیٹوں سے مذکورہ جعلی اور غیر معیاری ادویات ضبط کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔




