لاڑکانہ: لاڑکانہ میں شجرکاری مہم چلانے والی گرین سندھ فاؤنڈیشن کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں، ماحولیاتی آلودگی اور درجہ حرارت میں اضافے کو کم کرنے سمیت سندھ کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کے لیے جاری شجرکاری مہم کے تحت قدیم ثقافتی ورثے موئن جو دڑو کی گرین بیلٹ میں ماحول دوست پودے لگائے گئے،
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گرین سندھ فاؤنڈیشن کے سربراہ ذوالفقار مگسی، تعلقہ ڈوکری کے آرگنائزر محسن رضا جلبانی، گرین بیلٹ کے انچارج سراج میمن، نارائن داس، سماجی رہنما طارق شیخ، مظفر شاہانی، عمیر جونیجو اور دیگر نے کہا کہ گرین سندھ فاؤنڈیشن کی جانب سے سندھ میں موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے شجرکاری اور آگاہی مہم چلائی جائے گی،
جس کے تحت شہری اور دیہی علاقوں سمیت تعلیمی اداروں میں بھی پودے لگائے جائیں گے، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں، زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کو فروغ دیں اور سندھ کو سرسبز و شاداب، خوبصورت اور ماحول دوست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔


