لاہور، شہری کے نام پر 2354 گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے اور 28 لاکھ روپے کے ای چالان کا انکشاف

شیئر کریں

لاہور میں معمول کی سکیورٹی چیکنگ کے دوران ایک غیر معمولی معاملہ سامنے آگیا، جہاں ایک شہری کے نام پر 2 ہزار 354 موٹرسائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ترجمان کے مطابق ان گاڑیوں کے مجموعی طور پر 2 ہزار 813 ای چالان ہوچکے ہیں، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 28 لاکھ 66 ہزار 900 روپے کے جرمانے بھی واجب الادا ہیں۔

واقعہ ہال روڈ پر اس وقت سامنے آیا جب ایک ٹریفک وارڈن نے معمول کی سکیورٹی چیکنگ کے دوران مشکوک اور تبدیل شدہ نمبر پلیٹ والی موٹرسائیکل کو روکا۔

موٹرسائیکل کی ملکیت کی جانچ پڑتال کی گئی تو انکشاف ہوا کہ شہری محمد عثمان کے نام پر مجموعی طور پر 2 ہزار 354 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔

ترجمان کے مطابق موٹرسائیکل کو قبضے میں لے کر قلعہ گجر سنگھ تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

حکام نے موٹرسائیکل کے اصل مالک کا سراغ لگانے اور رجسٹریشن کی تفصیلات کی تحقیقات کے لیے سیف سٹی اتھارٹی کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

اس واقعے نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس میں ردوبدل کے معاملے کو بھی اجاگر کیا ہے، جس کے باعث ملکیت کی تصدیق اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

ترجمان سید عبدالرحیم شیرازی نے خبردار کیا ہے کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والے افراد سخت قانونی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔

حکام کی جانب سے ہال روڈ پر سامنے آنے والے اس معاملے میں موٹرسائیکل کے اصل مالک کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے