پیپلز پارٹی لاڑکانہ کے زیرِ اہتمام سانحہ کارساز کے شہداء کی 19ویں برسی منائی گئی
لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ اور سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے زیرِ اہتمام سانحہ کارساز کے شہداء کی 19ویں برسی گڑھی خدا بخش بھٹو میں مزارِ شہداء کارساز پر عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس موقع پر قرآن خوانی، دعائے خیر اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری اور ایم پی اے سٹی لاڑکانہ جمیل احمد سومرو، ضلعی صدر اور ایم این اے خورشید احمد جونیجو، ضلعی کونسل کے چیئرمین اور جنرل سیکریٹری ضلع لاڑکانہ اعجاز احمد لغاری سمیت پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر شہداء کی جمہوریت، عوامی حقوق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

پارٹی رہنماؤں نے شہداء کے مزاروں پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہداء کی مغفرت، درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔


