لاڑکانہ: نودیرو کے قریب گڑھی خدابخش بھٹو روڈ پر مبینہ طور پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت گاؤں کیٹی ممتاز کے رہائشی سعید علی کڑیو اور حکیم علی کڑیو کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوان رتودیرو عدالت جانے کے لیے روانہ تھے کہ گڑھی خدابخش بھٹو روڈ پر مبینہ مسلح افراد نے انہیں روک کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے، جبکہ مقتولین کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے نودیرو اسپتال منتقل کردی گئیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ مبینہ طور پر پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم دوہرے قتل کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔


