بہاولپور صوبہ بحالی کے لیے بھرپور سیاسی و عوامی تحریک شروع کرنے کا اعلان

شیئر کریں

رحیم یار خان: پرنس بہاول عباس خان عباسی نے بہاولپور صوبہ بحالی کے لیے بھرپور سیاسی و عوامی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

عباس خان عباسی نے کہا کہ بہاولپور صوبہ بحالی کی جدوجہد نئی نہیں بلکہ یہ آباؤ اجداد کے دور سے جاری ہے. تاہم موجودہ حالات میں اس مطالبے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور یہ ناگزیر ہوچکا ہے۔یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھاکہ بہاولپور کو کسی دوسرے انتظامی یونٹ میں ضم کرنے کے بجائے الگ صوبہ بنایا جائے، مجوزہ بہاولپور صوبہ لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ مساوات، انصاف اور عوامی فلاح کے اصولوں پر قائم ہوگا، جہاں امیر اور غریب سب کو مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہوں گے۔

پرنس خان عباسی کا کہنا تھا کہ بہاولپور صوبہ ختم ہونے سے سب سے زیادہ نقصان غریب عوام اور عباسی خاندان کو ہوا، جبکہ ماضی میں بہاولپور صوبہ بحالی کی آواز دبانے کے لیے سیاسی رکاوٹیں بھی کھڑی کی جاتی رہیں۔

قائداعظم کی جانب سے نواب صادق خان عباسی کو گورنر جنرل بننے کی پیشکش کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ریاست بہاولپور کی تاریخی اہمیت کی عکاس ہے۔ ریاست بہاولپور کی قیادت نے ہمیشہ اصولوں اور قومی مفاد کو ترجیح دی اور پاکستان کے لیے ریاست بہاولپور کی خدمات و قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ بہاولپور صوبہ بحالی تحریک کو جدید تقاضوں کے مطابق منظم کیا جائے گا اور عوام کا جائز حق دلانے کے لیے یہ معاملہ ہر فورم پر اٹھایا جائے گا۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے