پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی تاریخ سامنے آگئی

شیئر کریں

اسلام آباد : پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026ءسے 15 جنوری 2027ءکے درمیانی عرصے میں کرانے کی تجویز پیش کر دی ہے، جس سے الیکشن کمیشن نے اصولی طور پر اتفاق کر لیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کی خواہاں ہے تاکہ اس اہم عمل کے لیے فول پروف سیکورٹی اور دیگر انتظامی امور کو بہتر سے بہتر انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہو چکا ہے، تاہم حتمی تاریخ کے باضابطہ اعلان کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

صوبائی وزیرِ لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی شفاف اور وقت پر انجام دہی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں ۔

حکومت کو الیکشن کا عمل شروع کرنے اور اس کے لیے فنڈز و وسائل کی فراہمی کے لیے مناسب وقت درکار ہے، 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران انتخابات کا انعقاد سب سے موزوں رہے گا کیونکہ اس عرصے میں بچوں کے اسکول امتحانات مکمل ہو چکے ہوں گے، اساتذہ کا عملہ ڈیوٹی کے لیے میسر ہوگا اور موسم کے لحاظ سے شدید دھند کی مشکلات بھی پیش نہیں آئیں گی۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی ان تجاویز کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا حتمی اور جامِع پلان جلد از جلد پیش کیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا بروقت انعقاد ایک آئینی تقاضا ہے اور آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 140 اے کے تحت مقامی حکومتوں کے الیکشن کرانا الیکشن کمیشن اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مشاورتی عمل جاری رکھا جائے گا اور پنجاب حکومت کے پیش کردہ مرحلہ وار انتخابی پلان کا تفصیلی جائزہ لے کر اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

 


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے