آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں پر انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت کل (اتوار) ووٹنگ ہوگی۔ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن سمیت متعلقہ علاقوں میں تمام انتظامات مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں سے جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے سینئر رکن محمد احسن اور سیکریٹری راجا محمد شکیل نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ مٹیریل اور انتخابی عملے کی پولنگ اسٹیشنوں تک منتقلی کا عمل آج شام تک مکمل ہو جائے گا، جب کہ کل ووٹنگ پرامن ماحول میں ہوگی۔
محمد احسن نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن کی مجموعی صورتِ حال پُرامن اور مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقِ رائے دہی کا بھرپور استعمال کریں، کیونکہ ووٹ عوامی رائے اور جمہوری جذبات کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے عوام نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، جہاں ووٹر ٹرن آؤٹ 46 فی صد ریکارڈ کیا گیا، جب کہ آزاد کشمیر میں عمومی طور پر ووٹر ٹرن آؤٹ 40 سے 42 فی صد کے درمیان رہتا ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل نے بھی اس موقع پر کہا کہ مظفرآباد ڈویژن میں انتخابات کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور امید ہے کہ ووٹنگ کا عمل پرامن، شفاف اور منظم انداز میں مکمل ہوگا۔
دوسرے مرحلے کے تحت مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں پر مختلف شہروں میں ووٹنگ ہوگی، جن میں لاہور بھی شامل ہے، جہاں رہائش پذیر کشمیری مہاجرین دو نشستوں پر اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ اس سلسلے میں ریٹرننگ افسران آج پولنگ عملے میں انتخابی سامان تقسیم کریں گے۔
ایل اے 34 کشمیر ویلی ٹو کے لیے لاہور میں 15 پولنگ اسٹیشن اور 30 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں ایک مردانہ اور ایک زنانہ پولنگ اسٹیشن علیحدہ جب کہ 13 مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں مرد اور خواتین ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 5 ہزار 965 ہے، جن میں 3 ہزار 175 مرد اور 2 ہزار 790 خواتین شامل ہیں، جب کہ اس نشست پر 17 امیدوار میدان میں ہیں۔
نمایاں امیدواروں میں استحکام پاکستان پارٹی کے بلال مختار بٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری عبدالقادر چوہان، جماعت اسلامی کے راجہ محمد سہیل اور مسلم لیگ (ن) کے ناصر حسین ڈار شامل ہیں۔
دوسری جانب ایل اے 41 ویلی لاہور میں مجموعی طور پر 6 ہزار 410 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں 5 ہزار 708 لاہور، 583 شیخوپورہ، 117 ننکانہ صاحب اور صرف 2 ووٹرز قصور میں رجسٹرڈ ہیں۔
اس حلقے میں 9 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ اور آزاد امیدوار صبا دیوان کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے غلام عباس میر اور استحکام پاکستان پارٹی کے سعید احمد ڈار بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
ایل اے 41 کے لیے مجموعی طور پر 19 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 13 لاہور، 4 شیخوپورہ، جب کہ ننکانہ صاحب اور قصور میں ایک، ایک پولنگ اسٹیشن شامل ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ قصور میں صرف دو رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے بھی ایک مکمل پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں حلقوں سمیت تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کل (اتوار) صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، جب کہ سیکیورٹی اور انتخابی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ برقرار رکھا گیا ہے۔




