غیر ملکی خواتین سے زیادتی اور اغوا کیس، اغواکاروں کی گاڑی کی ٹکر سےمتاثرہ گاڑی کے مالک نے مقدمہ درج کرا دیا

شیئر کریں

لاہور میں غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے کیس میں ایک اور پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اغواکاروں کی گاڑی سے تصادم کا شکار ہونے والی گاڑی کے مالک نے مقدمہ درج کرا دیا۔

پولیس کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور عثمان کی مدعیت میں درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے بھٹہ چوک جا رہا تھا کہ ائیرپورٹ روڈ پر ایک تیز رفتار گاڑی نے اس کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی کو تقریباً تین لاکھ روپے کا نقصان پہنچا، جبکہ دوسری گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

مقدمے کے مطابق عثمان نے فوری طور پر ون فائیو پر اطلاع دی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔ حادثے کے بعد غیر ملکی خواتین گاڑی سے نکل کر قریبی دکان میں پناہ لینے میں کامیاب ہو گئیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے بتایا کہ کیس میں اب تک آٹھ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی اور اس کے مالک کی بھی شناخت کر لی گئی ہے۔ ان کے مطابق ملزمان کا تعلق لاہور، سرگودھا اور دیگر علاقوں سے ہے۔

فیصل کامران نے کہا کہ جس مکان پر پولیس نے چھاپہ مارا وہاں چند نوجوان کرائے پر رہائش پذیر تھے۔ دورانِ تفتیش یہ اطلاع بھی ملی کہ ان میں سے کسی کا تعلق ڈپٹی وزیراعظم کے رشتہ داروں سے ہو سکتا ہے، تاہم پولیس نے تصدیق کے لیے متعلقہ خاندان سے رابطہ کیا اور تمام حقائق سے آگاہ کیا۔

ڈی آئی جی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی کیس سے متعلق بریفنگ دی گئی، جنہوں نے واضح ہدایت کی کہ تحقیقات مکمل طور پر میرٹ پر کی جائیں اور جرم ثابت ہونے پر ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

انہوں نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ غیر ملکی خواتین خود اغواکاروں کے چنگل سے نکل کر محفوظ مقام تک پہنچیں۔ ان کے مطابق متاثرہ خواتین نے بیان دیا ہے کہ انہیں پنجاب پولیس نے بازیاب کرایا۔ پولیس کے مطابق ایک ملزم خواتین کو گاڑی میں ائیرپورٹ لے جا رہا تھا کہ بھٹہ چوک کے قریب خواتین کی ملزم رضا ڈار سے ہاتھا پائی ہوئی، جس کے نتیجے میں گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ اس موقع پر خواتین گاڑی سے نکل کر قریبی اسٹور میں پناہ لینے میں کامیاب ہوئیں، جہاں سے پولیس نے انہیں بحفاظت ریسکیو کیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید بتایا کہ دو خاتون ایس پیز نے غیر ملکی خواتین کو میڈیکل معائنے کے لیے آمادہ کیا تاکہ تفتیشی عمل کو مکمل کیا جا سکے۔

 


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے