لاڑکانہ میں نو تعینات آئی بی اے پاس اساتذہ 16 ماہ کی تنخواہ سے محروم

شیئر کریں

لاڑکانہ: لاڑکانہ میں آئی بی اے ٹیسٹ پاس نئے اساتذہ کی گزشتہ 16 ماہ کی واجب الادا تنخواہیں تاحال جاری نہ ہونے،

اور پرائمری اساتذہ کے دیگر مسائل حل نہ کیے جانے کے خلاف آل سندھ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (پ ٹ الف) ضلع لاڑکانہ کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور علامتی بھوک ہڑتال کی گئی، جہاں اساتذہ نے بینرز اٹھا کر شدید نعرے بازی کی۔

اس موقع پر پ ٹ الف ضلع لاڑکانہ کے صدر ارشاد علی تنیو، جنرل سیکریٹری منظور علی منگی، تعلقہ صدر اشفاق احمد دھامراہ، طالب مغل، سجاد بھٹو، سید ظفر علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 16 ماہ سے آئی بی اے ٹیسٹ پاس نئے اساتذہ کی تنخواہیں جاری نہیں کی جا رہیں،

جبکہ ڈی ای او پرائمری اور ڈائریکٹر پرائمری کی نااہلی کے باعث مسائل مزید سنگین ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے اساتذہ کو عیدالاضحیٰ جیسے اہم موقع پر بھی تنخواہوں سے محروم رکھا گیا،

جس کے باعث وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے سے بھی محروم رہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایک طویل عرصے سے اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا،

پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی اساتذہ کی ترقیوں کا عمل بھی رکا ہوا ہے، جبکہ دیگر جائز مطالبات بھی تسلیم نہیں کیے جا رہے۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ، سیکریٹری تعلیم زاہد حسین عباسی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ نئے آئی بی اے پاس اساتذہ کی 16 ماہ کی واجب الادا تنخواہیں فوری جاری کی جائیں، مہنگائی کے تناسب سے پرائمری اساتذہ کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے، پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی اساتذہ کو ترقی دی جائے، بائیو میٹرک حاضری کا نظام اسکولوں میں ہی یقینی بنایا جائے، اور غیر حاضری کے نام پر تنخواہوں میں کٹوتیوں کا سلسلہ بند کرکے اساتذہ کے تمام مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔

رپورٹ: نادر مائری


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے