پاکستان میں فلاحی سرگرمیوں کے لیے کام کرنے والی معروف تنظیم جو جماعت اسلامی پاکستان کی ذیلی تنظیم ہے، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر غزہ کے متاثرہ خاندانوں کے لیے قربانی کا گوشت، عیدی اور تحائف تقسیم کیے۔
تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے مصر میں غزہ جنگ سے متاثرہ یتیم بچوں، بیواؤں اور مہاجر خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر عید منائی اور اہلِ غزہ کے لیے قربانی پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔
ان کے ہمراہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی اور الخدمت ناروے کے نمائندے بھی موجود تھے۔ وفد نے مصر کے علاقے رحاب کی مرکزی مسجد میں نماز عید ادا کرنے کے بعد غزہ بارڈر کے قریب مختلف علاقوں میں قائم سلاٹر ہاؤسز کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے خود قربانی کے جانور ذبح کر کے مہم کا آغاز کیا اور بعد ازاں گوشت کی تیاری، پیکنگ اور ترسیل کے انتظامات کا جائزہ لیا،بعد میں وفد نے غزہ کے متاثرہ یتیم بچوں، بیواؤں اور مہاجر خاندانوں سے ملاقات کی اور ان میں قربانی کا گوشت، عیدی اور تحائف تقسیم کیے۔ متاثرہ بچوں کے لیے خصوصی ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس سال بھی بڑی تعداد میں قربانی غزہ کے متاثرین کے نام وقف کی گئی ہے، الخدمت فاؤنڈیشن عوامی امانتوں کو شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال تقریباً 950 جانوروں کی قربانی کا اہتمام کیا جا رہا ہے جبکہ مصر، القدس، ویسٹ بینک اور لبنان میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔




