سعد ایدھی کی وطن واپسی، اسرائیلی قید میں غیر انسانی سلوک کے انکشافات

شیئر کریں

کراچی: اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے سماجی رہنما سعد ایدھی وطن واپس پہنچ گئے، جہاں کراچی ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ، کمسن بیٹی اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی موجود تھے، جنہوں نے جذباتی انداز میں ان سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

استقبال کرنے والوں میں سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل تھے، جو گزشتہ سال خود بھی اسرائیلی قید کا تجربہ کر چکے ہیں۔ ایئرپورٹ پر موجود افراد نے سعد ایدھی کی واپسی کو خوش آئند قرار دیا اور ان کی ہمت و جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

سعد ایدھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورانِ قید انہیں شدید غیر انسانی سلوک کا سامنا کرنا پڑا،قید کے دوران لیزر لائٹس کے ذریعے ذہنی اذیت دی جاتی تھی اور فرش پر پانی ڈال دیا جاتا تھا تاکہ نیند نہ آ سکے،انہیں طویل وقت تک گھٹنوں کے بل بٹھا کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

ان کے مطابق جن افراد کے پاسپورٹ امریکا یا یورپی ممالک کے نہیں تھے، ان کے ساتھ نسبتاً زیادہ سخت رویہ اختیار کیا جاتا تھا،یہ تجربہ انتہائی کٹھن اور ذہنی طور پر توڑ دینے والا تھا، تاہم ان کے حوصلے میں کمی نہیں آئی۔

واضح رہے کہ سعد ایدھی غزہ کے محاصرے کو توڑنے کی کوشش کرنے والے بین الاقوامی امدادی مشن “صمود فلوٹیلا” کا حصہ تھے، جسے اسرائیلی فوج نے راستے میں روک کر حراست میں لے لیا تھا۔

اس واقعے کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف حلقے اس کارروائی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

اسرائیل جنگ بندی کے بعد بھی دہشت گردانہ کارراوئیاں کررہاہے، عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئےہیں، صیہونیوں کی جارحانہ کارروائیوں میں ہزارو ں فلسطینی شہید اور لاکھوں زخمی ہوچکے ہیں۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے