پی ایس ایل میچز جدہ میں: پی سی بی کا سعودی عرب میں اسٹیڈیم بنانے کا منصوبہ

شیئر کریں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سعودی عرب میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت مستقبل میں جدہ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کی میزبانی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے لیے پی سی بی کے گورننگ بورڈ سے ابتدائی منظوری حاصل کر لی گئی ہے، تاہم حتمی معاہدہ ابھی باقی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سعودی عرب میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے، جہاں بڑی تعداد میں پاکستانی اور ایشیائی نژاد افراد کھیل میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

دوسری جانب سعودی حکومت بھی اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان اس شعبے میں تعاون کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جدہ میں اسٹیڈیم کے لیے مختلف مقامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مقامی حکام کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو جلد ہی باقاعدہ معاہدہ طے پا سکتا ہے، جس کے بعد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مجوزہ اسٹیڈیم جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا، جس میں فلڈ لائٹس اور مناسب تعداد میں شائقین کی گنجائش شامل ہوگی۔ پی سی بی کی خواہش ہے کہ اس وینیو کو مستقبل میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے تاکہ پی ایس ایل سمیت دیگر اہم مقابلوں کا انعقاد ممکن ہو سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی تیز رفتار فیصلوں کی پالیسی کے تحت اگر معاملات اسی انداز میں آگے بڑھے تو کنٹریکٹ کے بعد ایک سال کے اندر اسٹیڈیم کی تکمیل ممکن ہو سکتی ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف بیرون ملک مقیم شائقین کو کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

 


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے