سانگھڑ: سماجی تنظیم ابکا ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ لگایا گیا
“صحت ہے تو سب کچھ ہے” کے سلوگن کے تحت سماجی تنظیم ابکا ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے سانگھڑ میں ایک روزہ مفت میڈیکل اور آنکھوں کی بیماریوں کی تشخیص کا کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں، خواتین اور بچوں نے شرکت کر کے طبی سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔
میڈیکل کیمپ کا افتتاح ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سانگھڑ ڈاکٹر دولت علی جمالی، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر وشن رام، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق آرائیں اور ابکا ویلفیئر آرگنائزیشن کے ابراہیم فیصل و میڈم کنول نے مشترکہ طور پر کیا۔
کیمپ میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا جبکہ آنکھوں کی بیماریوں کی تشخیص کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئیں۔ بلڈ پریشر، شوگر، بخار، معدہ، نزلہ زکام اور آنکھوں کے امراض سمیت دیگر بیماریوں کی جانچ کی گئی اور مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ او ڈاکٹر دولت علی جمالی نے ابکا ویلفیئر آرگنائزیشن کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مفت میڈیکل کیمپس عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں۔
ابکا ویلفیئر آرگنائزیشن کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی سانگھڑ اور گردونواح میں فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ مستحق افراد کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔

رپورٹ وقار بھٹی


