قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی کارکردگی کا جائز

شیئر کریں

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی کارکردگی کا جائز
اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت خدمات، ضوابط و ہم آہنگی کا اجلاس آج ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA)، اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، ایم این اے نے کی۔

اجلاس میں سید مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر برائے قومی صحت خدمات، ضوابط و ہم آہنگی، ڈاکٹر شہزاد علی خان، وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی، وزارت کے اعلیٰ حکام اور معزز اراکینِ قومی اسمبلی نے شرکت کی۔

کمیٹی نے ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا، جس میں ادارے کے نظم و نسق، انتظامی و تعلیمی ڈھانچے، انسانی وسائل، اور ادارہ جاتی مینڈیٹ سے متعلق امور شامل تھے۔
اجلاس کے دوران اراکینِ اسمبلی نے اکیڈمی میں مختلف انتظامی، وزارتی اور تدریسی آسامیوں پر بغیر اشتہار تقرریوں پر سخت سوالات اٹھائے۔

اراکین نے ان تقرریوں سے متعلق مکمل تفصیلات طلب کیں، جن میں معاہدوں کی نوعیت و مدت، تنخواہوں کی تفصیل، سلیکشن بورڈ کے اجلاسوں کی کارروائی (منٹس) اور ان تقرریوں کی قانونی بنیاد شامل تھی۔

کمیٹی نے ترقیوں کے معاملات، تقرری و ترقی سے متعلق قواعد و ضوابط، اور وہ قانونی اختیارات جن کے تحت وائس چانسلر تقرریاں کرتے ہیں، پر بھی غور کیا۔

اس کے علاوہ اکیڈمک کونسل کی تشکیل، سنڈیکیٹ سے منظوری کے معاملات اور ان کی قانونی حیثیت پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔

اراکین نے رجسٹرار اور دیگر افسران کو دی گئی قائم مقام (Acting Charge) تقرریوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور ان کے قانونی و انتظامی جواز کے بارے میں وضاحت طلب کی۔
تفصیلی بحث کے بعد چیئرمین کمیٹی نے وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی کو ہدایت کی کہ وہ تمام اٹھائے گئے سوالات کے جوابات پر مشتمل جامع تحریری بریف، مکمل ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات کے ساتھ آئندہ اجلاس سے قبل کمیٹی کو پیش کریں۔
اجلاس کا اختتام چیئرمین کے شکریہ کے ساتھ ہوا۔

رپورٹ نندلال لوہانہ


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے