پنجاب میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے، قافلے کو روکا جا رہا ہے، شفیع جان

شیئر کریں

لاہور: خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات شفیع جان نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے قافلے کی راہ میں دانستہ رکاوٹیں ڈالیں اور اٹک سے لاہور تک قیام و طعام کے تمام مقامات سیل کر دیے گئے جو صوبے میں غیر اعلانیہ مارشل لا کے مترادف ہے۔

لاہور انٹرچینج پہنچنے پر وزیراعلیٰ کی قیادت میں قافلے کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ پنجاب غیرت مندوں کی سرزمین ہے اور یہاں کے عوام نے سہیل آفریدی کا بھرپور استقبال کیا، توقع کے برعکس پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے منتخب وزیراعلیٰ کو خوش آمدید نہیں کہا گیا۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے اٹک سے لاہور تک قیام و طعام کے تمام مقامات بند کر رکھے تھے اور قافلے کو جگہ جگہ روکنے کی کوشش کی گئی، صوبے میں سیاسی سرگرمیوں کو محدود کر دیا گیا ہے، بانی چیئرمین عمران خان کی تصویر اور پارٹی پرچم اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا رہی جو سیاسی آزادیوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب میں سیاسی اسپیس دی جائے اور کارکنوں کو آئینی حقِ احتجاج سے محروم نہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کا سیاسی وجود ختم کرنے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے،، سہیل آفریدی آج رات لبرٹی چوک جائیں گے، جہاں وہ اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کرتے ہوئے خطاب کریں گے۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ لاہور میں قیام کے دوران وزیراعلیٰ صحافیوں، وکلاء، پارٹی رہنماؤں اور اسیران سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی،پارٹی کارکن پُرامن رہتے ہوئے اپنے آئینی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

 


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے