لندن: سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کا کہنا ہے کہ انہیں برطانوی حکومت کی طرف سے مطلع کیا گیا کہ اگر وہ پاکستان جاتے ہیں تو انہیں کسی قسم کا تحفظ نہیں دیا جائے گا۔
امریکی صحافی مہدی حسن کے ساتھ انٹرویو میں سلیمان خان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت نے اس صورتحال پر کوئی مزاحمت نہیں کی اور نہ ہی کوئی فعال کردار ادا کیا ہے۔
قاسم خان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ وہ اپنے ہاتھ گندے نہیں کرنا چاہتے ،انہوں نے ہمیں کہا کہ پاکستان نہ جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم پاکستان جائیں گے تو ان کی طرف سے ہمیں کوئی تحفظ نہیں دیا جائے گا اگر ہمیں گرفتار کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کو امید ہوتی ہے کہ والد سے ملاقات کے لیے پاکستان جانے والے دو برطانوی شہریوں کی دیکھ بھال کی جائے گی جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا عمران خان جلاوطنی قبول کریں گے تو ان کے بیٹوں نے کہا کہ ان کے والد سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کو قبول نہیں کریں گے۔
تاحال برطانوی حکومت نے اس بیان پر تبصرہ نہیں کیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان کی وفاقی حکومت میں پارلیمانی امور کے وزیر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان سے جیل میں ملاقاتیں 8 فروری تک معطل رہیں گی ۔انہوں نے کہا کہ جیل کو سیاسی جماعت کا ہیڈکوارٹرز نہیں بنایا جا سکتا۔




