پاکستان پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس پر سانگھڑ میں پروقار تقریب، فضا پرجوش ترانوں سے گونجتی رہی

شیئر کریں

سانگھڑ: پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کی مناسبت سے سانگھڑ میں شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، ضلعی نمائندوں، ٹاؤن چیئرمینوں، خواتین عہدیداران اور سینکڑوں کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا ماحول پارٹی ترانوں، جھنڈوں اور ولولہ انگیز نعروں سے گونجتا رہا، جبکہ کارکنوں میں غیر معمولی جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔


تقریب میں پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر قرۃالعین مری، صلاح دیں جونیجو پارس ڈیرو ضلع کونسل کے چیئرمین سید ریاض شاہ خراسانی، جہانگیر جونیجو، اعجاز زرداری، سابق ٹاؤن ناظم جونیجو، رکن صوبائی اسمبلی جام شبیر علی، چیئرپرسن رخسانہ شر، امتیاز حسن درس، ستار خاصخیلی ہمایوں سنگھیھڑا، ٹاؤن کمیٹی سنجھورو کے چیئرمین انوار راجپوت، یو سی جھول کے چیئرمین راشد راجپوت سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کی جدوجہد کرتی آئی ہے اور عوامی خدمت کا یہ سفر بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مزید مضبوطی سے جاری ہے۔

مقررین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے عہد کیا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت، آئین اور عوامی بہتری کے مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔


اس موقع پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لائیو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان اندرونی و بیرونی چیلنجز سے گزر رہا ہے۔ دشمن عناصر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے سازشی طریقہ کار اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل ہمارے بارڈر پر اشتعال انگیزی میں مصروف ہے جبکہ افغانستان کے ساتھ تعلقات بھی پیچیدگی کا شکار ہو رہے ہیں جو خطے کے امن کے لیے تشویشناک ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ:
"پاکستان کی سلامتی سب سے مقدم ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر جب ملک کے دفاع اور قومی وحدت کی بات آتی ہے تو ہمیں متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ہمیں نہ صرف اپنی سیاسی صفوں میں ذمہ داری دکھانی ہے بلکہ بیرونی خطرات کے مقابلے کے لیے ایک قوم بن کر کھڑے ہونا ہوگا۔”تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا، دعائیں مانگی گئیں اور کارکنوں نے پارٹی قائدین کے حق میں فلک شگاف نعرے۔

رپورٹ وقار بھٹی


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے