پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے طیارے کے گو اراؤنڈ سے متعلق عالمی سطح پر رائج حفاظتی عمل کی وضاحت جاری کر دی
کراچی:پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ میڈیا سے مودبانہ گزارش ہے کہ معمول کی ہوا بازی کے طریقہ کار کو سنسنی خیز انداز میں پیش کرنے سے گریز کیا جائے۔ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرواز SV728 کا گو اراونڈ ایک بالکل معمول کا، بین الاقوامی سطح پر رائج حفاظتی عمل تھا،
جو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق بروقت اور درست انداز میں انجام دیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گو اراونڈ کسی ہنگامی صورت حال کی نشان دہی نہیں کرتا، نہ ہی باعث تشویش ہے، سنسنی خیز رپورٹنگ عوام میں غیر ضروری تشویش پیدا کر سکتی ہے اور ہوا بازی کے معمولات کے بارے میں غلط فہمیاں بڑھا سکتی ہے۔ترجمان نے کہا پی اے اے میڈیا کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور عوام تک مستند اور ذمہ دارانہ معلومات پہنچانے کے سلسلے میں میڈیا کے تعاون کو سراہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی تمام ہوائی اڈوں پر شفافیت اور اعلی ترین حفاظتی معیار برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر کاربند ہے۔




