پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل کی مکمل میچ فیس 7 مئی کو بھارتی حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کے نام منسوب کر دی۔
گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں بھارت نے پاکستان کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی۔ تاہم جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم نے روایتی ہٹ دھرمی دکھائی اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا، جس پر محسن نقوی کے دوٹوک مؤقف کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کو بغیر ٹرافی میدان چھوڑنا پڑا۔
ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو سیاسی بیان بازی پر جرمانہ بھی ہوا، لیکن انہوں نے فائنل کے بعد دوبارہ اعلان کیا کہ ایشیا کپ کی تمام میچ فیس بھارتی فوج کو دیں گے۔
اس کے جواب میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ قومی ٹیم ایشیا کپ فائنل کی پوری فیس شہید بچوں اور عام شہریوں کے نام کرتی ہے جو 7 مئی کے حملے میں جان بحق ہوئے تھے، اور ہماری دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔




