اسلام آباد: شہباز شریف حکومت کے ابتدائی 16 ماہ کے دوران قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق، مارچ 2024 سے جون 2025 کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں مجموعی طور پر 13,078 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ اس عرصے میں 11,796 ارب روپے مقامی ذرائع سے جبکہ 1,282 ارب روپے کا اضافہ بیرونی قرضوں کی مد میں ریکارڈ کیا گیا۔
فروری 2024 میں وفاقی حکومت کا کل قرضہ 64,810 ارب روپے تھا، جو جون 2025 تک بڑھ کر 77,888 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
دستاویزات کے مطابق، مقامی قرضہ فروری 2024 میں 42,675 ارب روپے تھا، جو جون 2025 تک بڑھ کر 54,471 ارب روپے ہوگیا۔ اسی طرح، بیرونی قرضہ فروری 2024 میں 22,134 ارب روپے تھا، جو جون 2025 میں 23,417 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ حکومت نے اپنے ابتدائی 16 مہینوں میں قرضوں میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔




