خواتین مستقبل کی ترقی، خوشحالی اور بہتر مستقبل کی ضامن ہیں ،منظور احمد کنرانی ڈپٹی کمشنر گھوٹکی
میرپور ماتھیلو: ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد نے ٹیکنیکل ٹریننگ کالج ڈھرکی میں میری ماڑی انرجیز اور اینگرو فرٹیلائز کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ پانچویں سالانہ بین المدارس گرلز تقریری مقابلے میں شرکت کی، جس میں ضلع بھر کے 25 اسکولوں کی طالبات نے حصہ لیا۔
مقابلے کا موضوع ’’سوشل میڈیا شعور کا ذریعہ یا گمراہی کا سبب؟‘‘ تھا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر منظور احمد نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت خواتین معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی ضامن ہیں۔

طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تقریری، علمی اور تخلیقی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لینا چاہیے تاکہ ان میں خود اعتمادی، اظہارِ خیال اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ مل سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا موجودہ دور میں معلومات کے حصول، علم کے فروغ اور شعور اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، تاہم اس کا غیر ذمہ دارانہ اور منفی استعمال نوجوان نسل کو گمراہی، غلط معلومات اور غیر ضروری سرگرمیوں کی طرف بھی لے جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے درست اور مستند معلومات کو ترجیح دی جائے، جھوٹی خبروں سے گریز کیا جائے اور وقت کو مثبت، تعلیمی اور تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوان بالخصوص طالبات سوشل میڈیا کو اپنی تعلیم، تحقیق، ہنر سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے شعور، ذمہ داری اور مثبت سوچ ضروری ہے۔ طالبات کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر دستیاب معلومات کو آنکھیں بند کرکے قبول کرنے کے بجائے ان کی حقیقت اور صداقت کو جانچنے کی عادت اپنائیں۔ انہوں نے میری انرجیز اور اینگرو کی جانب سے طالبات کے لیے تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نہ صرف طالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ان میں صحت مند مسابقت، اعتماد اور مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے منتظمین کو اس اہم اقدام پر مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔


