عوامی فلاح کے منصوبوں کو مزید مربوط بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کی صدارت اجلاس

شیئر کریں

لاڑکانہ: ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ عوام کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ عوام اور اداروں کے درمیان اعتماد بھی بحال ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سماجی و سیاسی رابطوں سے متعلق ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی جانب سے نمائندے مقرر کیے گئے ہیں تاکہ عوام سے معلومات حاصل کرکے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی جا سکے، جبکہ دیہی علاقوں سے لوگ بنیادی سہولیات کے حصول اور اپنے مسائل کے حل کیلئے شہروں کا رخ کرتے ہیں،

یہی وجہ ہے کہ لاڑکانہ ریجن کے مختلف علاقوں سے لاڑکانہ شہر میں بڑی تعداد میں نقل مکانی ہوئی ہے، کیونکہ شہریوں کو تعلیم، صحت اور کھیلوں کی سہولیات دیہی علاقوں کی نسبت شہر میں زیادہ میسر آتی ہیں، اس سلسلے میں میونسپل اسٹیڈیم اور دیگر کھیلوں کے میدانوں کو فعال بنانے کیلئے ان کی مرمت بھی کرائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ راجا دریا خان قریشی کو ہدایت کی کہ مکمل اور زیر تکمیل اسکیموں کی تفصیلات فراہم کی جائیں جبکہ مزید ترقیاتی اسکیموں کیلئے اعلیٰ حکام کو سفارشات ارسال کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سر شاہنواز بھٹو میموریل لائبریری میں بچوں کی تعلیم اور مطالعے کو جدید خطوط پر فروغ دینے کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے لائبریری کے انچارج شمس الدین عباسی کو ہدایت کی کہ لائبریری کے قریب قائم ایس ٹی این ٹی وی کے پلاٹ سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں تاکہ اسے بھی لائبریری میں شامل کیا جا سکے، جبکہ ایگریکلچر بلڈنگ کی بھی مرمت کرائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری پلاٹوں پر قائم غیر ضروری عمارتوں کو ہٹایا جائے اور خالی سرکاری پلاٹوں پر پارکس تعمیر کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ اوقاف کے مینیجر کو ہدایت کی کہ اوقاف کی زمین اور درگاہ قائم شاہ بخاری کے قریب قائم غیر قانونی قبضے بھی ختم کرائے جائیں، جبکہ دکانوں اور پلاٹوں کی مناسب دیکھ بھال کے ساتھ کرایوں میں بھی اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ہدایات کے تحت لاڑکانہ شہر کو خوبصورت اور شہریوں کیلئے مزید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ عوام اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے شہر کی خوبصورتی، سرکاری اداروں کی دیکھ بھال اور دیگر مسائل کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر ضلع کونسل لاڑکانہ کے وائس چیئرمین اسد اللہ بھٹو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

رپورٹ: نادر مائری


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے