عالمی ٹیلنٹ انڈیکس میں پاکستان کی بڑی پیش رفت، 193 ممالک میں 16واں نمبر حاصل

شیئر کریں

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ایٹاریکسز گلوبل آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ انڈیکس 2026 میں پاکستان نے نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے ایک سو ترانوے ممالک میں سے سولہواں نمبر حاصل کر لیا ہے جو ملکی آئی ٹی شعبے کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شزہ فاطمہ نے بتایا کہ پاکستان عالمی سطح پر سرفہرست نو فیصد ممالک میں شامل ہو چکا ہے،پاکستان نے کئی بڑے اور ترقی یافتہ ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جن میں چین، ویتنام، کولمبیا اور مغربی یورپ کے اہم ممالک جیسے جرمنی، فرانس، اسپین اور برطانیہ شامل ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان کا ٹیلنٹ اسکور اسی میں سے سو ہے، جس کی بنیاد پر ملک عالمی سطح پر آٹھویں نمبر پر آتا ہے، یہ درجہ بندی نہ صرف یورپی یونین کے کئی ممالک بلکہ مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے تمام شامل ممالک سے بھی بہتر ہے، جو پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی شعبہ اوسطاً تقریباً بیس فیصد سالانہ شرح سے ترقی کر رہا ہے، جو ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کی مضبوطی، فری لانسرز کی بڑھتی تعداد، اور عالمی کمپنیوں کی جانب سے پاکستانی ٹیلنٹ پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔

شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ٹی برآمدات بڑھانے، نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانے اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

گلوبل آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ انڈیکس کیا ہے؟

گلوبل آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ انڈیکس دراصل ایک بین الاقوامی درجہ بندی ہے جو مختلف ممالک میں دستیاب افرادی قوت کی مہارت، لاگت، تعلیم، اور کام کے معیار کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کی جاتی ہے۔ اس انڈیکس کا مقصد یہ جانچنا ہوتا ہے کہ کون سے ممالک آؤٹ سورسنگ کے لیے سب سے زیادہ موزوں ہیں، یعنی وہ ممالک جہاں کمپنیاں کم لاگت میں اعلیٰ معیار کا کام حاصل کر سکتی ہیں۔

اس انڈیکس میں خاص طور پر آئی ٹی، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، کسٹمر سروس، اور دیگر ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے والے افراد کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ انفراسٹرکچر، کاروباری ماحول، اور حکومتی پالیسیوں کو بھی شامل کیا جاتا ہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے