سکھر میونسپل اسٹیڈیم سے ملحقہ تجارتی مراکز میں کارروائی، متعدد تجاوزات مسمار

شیئر کریں

سکھر میونسپل اسٹیڈیم کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی
ضلعی انتظامیہ اور ایس ایس پی سکھر کی ہدایات پر آپریشن جاری، متعدد غیرقانونی تجاوزات ہٹا دی گئیں

سکھر: سکھر میونسپل اسٹیڈیم کے اطراف غیرقانونی تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور کارروائی جاری ہے۔ یہ آپریشن ضلعی انتظامیہ اور ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کی خصوصی ہدایات پر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد شہری علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق تجاوزات کے خلاف جاری اس کارروائی کی قیادت مددگار کے انچارج کاشف چنا کر رہے ہیں، جبکہ میونسپل انکروچمنٹ انسپیکٹر افضل چنا اور ڈائریکٹر انکروچمنٹ بلال کورائی بھی موقع پر موجود ہیں اور آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

یہ کارروائی اس وقت سکھر میونسپل اسٹیڈیم کے نزدیک انور پراچہ کے اطراف میں کی جا رہی ہے، جہاں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری زمین پر قائم غیرقانونی ڈھانچوں کو ہٹایا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کیا جا رہا ہے، جبکہ تجاوزات قائم کرنے والوں کو پہلے ہی متعدد بار نوٹسز جاری کیے جا چکے تھے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا، جس کے پیش نظر بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ آپریشن وقتی نہیں بلکہ ایک مستقل پالیسی کے تحت کیا جا رہا ہے، اور آئندہ بھی شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر سرکاری زمین اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات ہٹا لیں، بصورتِ دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف شہری حسن میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو بہتر سہولیات اور محفوظ آمد و رفت بھی میسر آئے گی۔ شہری حلقوں نے تجاوزات کے خلاف اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ آئندہ بھی اسی تسلسل کے ساتھ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے