لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کا 3 روزہ اجتماعِ عام بدل دو نظام مینار پاکستان میں جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے، جس میں ملک بھر سے آئے لاکھوں محب وطن پاکستانی شریک ہیں، پنڈال کے میدان میں علما، اسکالرز، نوجوانوں، اساتذہ، خواتین اور بزرگوں سے بھرا ہوا ہے۔
اجتماع کے پہلے روز ہونے والے افتتاحی سیشن میں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی جدوجہد، فکر اور جماعت اسلامی کے قیام کے بنیادی مقاصد پر تفصیلی نقطہ بیان کیا گیا، جسے شرکا نے بھرپور توجہ کے ساتھ سنا۔
جماعت اسلامی پاکستان کا 3 روزہ اجتماعِ عام نظام بدلو کے پہلے دن کا آغاز جمعہ کی نماز کے بعد ظہر تا عصر سیشن سے ہوا جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علما نے ملک کی موجودہ صورتِ حال اور امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔
شام 5 بجے ہونے والے افتتاحی سیشن میں چیئرمین مرکزی شوریٰ،ناظم اعلیٰ،نائب امراء اور امیر جماعت اسلامی پاکستان خطاب کریں گے اور پاکستان کے سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کا جامع تجزیہ پیش کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے لائحہ عمل آگاہ کریں گے۔
بعدازاں شام 7:00 بجے دورِ جدید کے فتنوں کا احاطہ کے عنوان سے خصوصی نشست ہوگی، جس میں ماہرینِ دین نے نوجوانوں کو درپیش فکری حملوں، مغربی تہذیبی یلغار، سوشل میڈیا کے اثرات اور اسلامی طرزِ فکر کے مضبوط خطوط بیان کریں گے۔
پہلے روز کا ایک اور اہم سیشن رات 9:30 بجے ہوگا جس میں نظامِ تعلیم اور ہماری ذمہ داریاں کے عنوان سے پاکستان کے تعلیمی ڈھانچے، اصلاحات کی ضرورت، اور اسلامی و اخلاقی تربیت کے نظام پر گفتگو کیجائے گی، پہلا دن رات 11:30 بجے اجتماعی دعا اور خصوصی خطاب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔




