لاڑکانہ: لاڑکانہ میں پ ٹ الف ضلع کی جانب سے کراچی میں سندھ کے پرائمری اساتذہ کی جانب سے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے نکالی گئی پُرامن ریلی پر مبینہ پولیس تشدد کے خلاف گورنمنٹ پرائمری اسکول دینی مدرسہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی، جہاں اساتذہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔
اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پ ٹ الف کے رہنماؤں محمد اسلم دیدڑ، علی شیر جتوئی، غلام اللہ سانگی، غلام حسین بروہی، ارباب بھٹو، الطاف حسین بروہی، علی اکبر کھوسو، ایم بی ابڑو، طارق رسول انڑ اور دیگر نے کہا کہ کراچی میں اساتذہ کے حقوق کے لیے نکالی گئی پُرامن ریلی پر پولیس تشدد سندھ حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے، جس کی وہ سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب اساتذہ کے جائز مطالبات منظور نہیں کیے جا رہے تو دوسری جانب عظیم پیشے سے وابستہ اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو انتہائی افسوسناک عمل ہے۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پُرامن ریلی پر دھاوا بول کر اساتذہ پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے، سندھ کے پرائمری اساتذہ کا سروس اسٹرکچر فوری جاری کیا جائے، ابتدائی تقرری سے سروس کا شمار کیا جائے، بائیومیٹرک کا نظام ضلعی سطح پر کیا جائے اور تبادلوں کے اختیارات ڈی ای اوز کو دیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔


