لاڑکانہ: ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو کی زیر صدارت ضلع لاڑکانہ میں ریکارڈ حقوق کی ازسرنو تیاری، پہلے سے رجسٹرڈ بینظیر ہاری کارڈز کی دوبارہ تصدیق اور نئے رجسٹرڈ کارڈز کی تصدیق کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچرل ایکسٹینشن لاڑکانہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچرل ایکسٹینشن نے گزشتہ سال رجسٹرڈ ہونے والے بینظیر ہاری کارڈز کی دوبارہ تصدیق اور نئے رجسٹرڈ کارڈز کی تصدیق کے عمل سے متعلق بریفنگ دی۔
اس موقع پر مختیارکاروں نے ڈپٹی کمشنر کو ہاری کارڈز کے لیے درخواست گزاروں کی جانب سے اپ لوڈ کی گئی دستاویزات میں درپیش بعض مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کی درخواست کی، تاکہ تصدیق اور دوبارہ تصدیق کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر طارق منظور چانڈیو نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو ہدایت کی کہ پہلے سے رجسٹرڈ بینظیر ہاری کارڈز کی دوبارہ تصدیق اور نئے رجسٹرڈ کارڈز کی تصدیق مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق تیز رفتاری، شفافیت اور مناسب طریقہ کار کے تحت مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں نے اپنے متعلقہ علاقوں میں ریکارڈ حقوق کی ازسرنو تیاری کے کام میں ہونے والی پیش رفت سے بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریکارڈ حقوق کی ازسرنو تیاری کے عمل کو تیز کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور مقررہ مدت کے اندر عملدرآمد رپورٹس جمع کرائی جائیں۔


