اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی)کے زیر اہتمام ایشیا ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ 2026 کی تیاری کے لیے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا ہے ،جو 11 نومبر تک جاری رہے گا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے اے پی پی کوبتایا کہ بنگلہ دیش میں 14 سے 20 نومبر 2026 تک کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے لیے منتخب کھلاڑی تربیتی کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم 12 نومبر کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں کیٹیگری بی ون کے کھلاڑیوں میں ظفر اقبال، محمد شاہزیب، محمد ادریس سلیم، جنید خان، فخر عباس اور حمزہ محبوب شامل ہیں۔ کیٹیگری بی ٹو میں کپتان نثار علی، نائب کپتان بدر منیر، معین اسلم، نعمت اللہ اور بابر علی جبکہ کیٹیگری بی تھری میں محمد صفدر، مطیع اللہ، طلحہ اقبال، سنول شہزادہ، کامران اختر اور نعیم اللہ تربیت حاصل کر رہے ہیں۔سید سلطان شاہ نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ محمد جمیل، کوچز مہر محمد یوسف اور ہارون مسعود، ٹرینر طاہر محمود بٹ اور سید جاوید اقبال جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم کا انتخاب تین رکنی سلیکشن کمیٹی نے کیا، جس میں ہیڈ کوچ محمد جمیل، کوچ مہر محمد یوسف اور ہارون مسعود جبکہ ٹرینر طاہر محمود بٹ شامل تھے۔ سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی بیٹنگ، باؤلنگ، فیلڈنگ اور جسمانی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد ٹیم منتخب کی۔چیئرمین پی بی سی سی نے امید ظاہر کی کہ ڈومیسٹک سطح پر عمدہ کارکردگی دکھانے والے قومی کھلاڑی ایشیا ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل جیت کر وطن واپس آئیں گے۔




