لاڑکانہ اللہ آباد میں LPG کی من مانی قیمت وصول کرنے کیخلاف رکشہ ڈرائیوروں کا احتجاج

شیئر کریں

لاڑکانہ: لاڑکانہ شہر کے علاقے اللہ آباد میں مائع پٹرولیم گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مقررہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر گیس فروخت کرنے کے خلاف رکشہ ڈرائیوروں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور شدید نعرے بازی کی گئی۔

اس موقع پر احتجاج کرنے والے رکشہ ڈرائیوروں گلزار علی، احمد خان سمیت دیگر نے کہا کہ لاڑکانہ میں گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، جبکہ سرکاری نرخ 280 روپے فی کلو کے بجائے گیس 530 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، جس کے باعث رکشہ ڈرائیور شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگی گیس نے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، رکشہ چلا کر روزی کمانا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہو گیا ہے۔ گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث روزانہ کی آمدنی کا بڑا حصہ ایندھن پر خرچ ہو جاتا ہے، جبکہ گھریلو اخراجات پورے کرنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔

احتجاج کرنے والے رکشہ ڈرائیوروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گیس کی قیمتوں پر نظرثانی کی جائے اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والے ڈیلروں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں باعزت روزگار کمانے کا موقع فراہم کیا جائے۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے