کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بوائز ہائی اسکول مٹھی سے کشمیر چوک ریلی کا انعقاد

شیئر کریں

مٹھی: ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی ہدایات پر کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آج گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مٹھی سے کشمیر چوک مٹھی تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا.

جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر عمیر اشرف، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری تھرپارکر شمس الدین راٹھوڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود تھرپارکر کھینراج سنگھ، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود کیلاش کمار پنڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری تھرپارکر نصراللہ ساہڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر اجے کمار روپانی سمیت دیگر افسران نے کی۔

ریلی میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اساتذہ، طلبہ، تاجر برادری، میڈیا، سول سوسائٹی اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیر کی حمایت میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے ۔
ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب بھارتی فوجیں جموں و کشمیر میں داخل ہوئیں اور قبضے کا آغاز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم، جبر، پابندیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم ان کے جذبۂ آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کا عزم آج بھی برقرار ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد عالمی برادری کی خصوصی توجہ کی متقاضی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پُرامن اور منصفانہ طریقے سے نکالا جائے گا۔ اس کے علاوہ نجی اسکولوں کے اساتذہ اور طالب علموں نے بھی پریس کلب مٹھی کے سامنے اس حوالے سے ریلی نکالی اور کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے بھرپور نعرے بلند کئے۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے