لاڑکانہ: گونگے اور بہرے افراد کا مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج
لاڑکانہ: لاڑکانہ میں پیپلز ڈیف اینڈ ڈمب یونٹ آرگنائزیشن کی اپیل پر گونگے اور بہرے افراد نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے اٹھا کر اشاروں کے ذریعے نعرے بازی کی.
رہنماؤں فیاض احمد کھوڑو، فدا حسین بردی، ثقلین کوکر، عبدالحق جھتیال، بابر کوکر اور دیگر نے کہا کہ 2011ء سے حقوق کے لیے جدوجہد کے باوجود سندھ سمیت دیگر صوبوں میں 5 فیصد معذور کوٹے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث کئی افراد بے روزگار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گونگے اور بہرے افراد تعلیم یافتہ اور ہنرمند ہونے کے باوجود جائز حقوق اور مراعات سے محروم ہیں، رہنماؤں کے مطابق انہوں نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں شہداء کے مزارات پر حاضری کے بعد نوڈیرو ہاؤس انتظامیہ سے بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری سے ملاقات کی درخواست کی،
تاہم تاحال ملاقات نہیں ہوسکی اور نہ ضلعی انتظامیہ یا منتخب نمائندوں نے داد رسی کی. مظاہرین نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات، مالی معاونت، معذور کوٹے کے تحت ملازمتیں اور قانون کے مطابق مراعات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔


