رونتی کچے کے اسپورٹس فیسٹیول میں طبی کیمپ، سیکڑوں مریضوں کا معائنہ، ادویات فراہم

شیئر کریں

رونتی کچے میں اسپورٹس فیسٹیول میں محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کا مشترکہ طبی کیمپ ، سات سو سے زائد مریضوں کا طبی معائنہ، مفت ادویات فراہم کی گئیں

میرپور ماتھیلو: ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کی ہدایات پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسپورٹس فیسٹیول کے دوران رونتی کچے میں محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے قائم کردہ میڈیکل کیمپوں کے ذریعے دو روز کے دوران 700 مردوں، خواتین اور بچوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق رونتی اور اس کے آس پاس کے دیہات سے آنے والے افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میلے کے مقام پر محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں مریضوں کا معائنہ کرنے کے ساتھ انہیں ضروری ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راؤ آفتاب نے بتایا کہ محکمہ صحت کے میڈیکل کیمپ میں 300 سے زائد افراد کا طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

پی پی ایچ آئی کے ڈی ایم پی محمد عارف عباسی نے بتایا کہ پی پی ایچ آئی کے میڈیکل کیمپ کے ذریعے 400 افراد کا طبی معائنہ کرکے انہیں ادویات فراہم کی گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کیمپ میں خواتین کے طبی معائنے کے لیے لیڈی ڈاکٹرز کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ ملیریا کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے